22 فروری 2013 - 20:30

شام کے مختلف علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے شامی فوج کی کارروائياں جاری ہیں۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق شامی فوج نے حلب شہر میں ایک کارروائي کر کے جدیدہ کے علاقے میں مسلح افراد کے ایک ٹھکانے پر قبضہ کر لیا۔
شامی فوج نے حلب کے مختلف علاقوں میں چند روز قبل سے کارروائیوں کا آغاز کیا ہے اور اس نے مسلح افراد کو کئی علاقوں سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ شامی فوج نے اسی طرح جمعہ کے روز دمشق کے نواحی علاقوں داریا، النبک، دوما، حرستا اور الحجر الاسود میں کارروائیاں جاری رکھیں جس میں مسلح دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا اور ان میں سے بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا جبکہ حمص کے نواحی علاقوں ہنانو، النقارین، تلدو، الحولہ، عقرب، تل ذھب، کفر رعایا، السلطانیہ، المزارع اور الجوہر میں بھی وسیع پیمانے پر فوجی کارروائياں انجام دیں جن میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پنہچایا۔
دوسری جانب روس نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی جانے والی امداد کو سیاسی رنگ نہ دے۔ روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس دو طرفہ رابطے اور بین الاقوامی اداروں کے توسط سے شام کو امدادی اشیا بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گيا ہے کہ روس، شام کو امدادی اشیاء بھیجنے کے مسئلے کو سیاسی رنگ دینے کے سخت خلاف ہے۔